ٹی20 ورلڈ کپ اور پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے انگلش اسکواڈ کا اعلان

منگل 30 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز اور آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

رواں برس جون میں شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اعلان کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز کیوی ٹیم کا اعلان ہوا جب کہ آج جنوبی افریقہ اور انگلینڈ نے بھی اپنے اسکواڈز کا اعلان کردیا۔

انگلینڈ کے ٹی20 اسکواڈ میں فاسٹ بولرجوفرا آرچر کی تقریباً ایک سال سے زائد عرصہ کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ وہ گزشتہ برس مارچ میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوران دائیں کہنی کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ دوسری جانب ٹام ہارٹلی اپنا ٹی20 ڈیبیو کریں گے جبکہ ول جیکس پہلی مرتبہ کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

انگلش ٹیم کے اعلان کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک اس کے کھلاڑی وطن واپس جائیں گے اور 22 مارچ سے پاکستان کے خلاف ہونے والی ہوم ٹی20 سیریز میں شرکت کی تیاری کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ آئی پی ایل کے پلے آف مرحلے میں انگلینڈ کے کھلاڑی دستیاب نہیں ہوں گے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سیلیکشن پینل کی طرف سے اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق ٹیم کی قیادت جوش بٹلر کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، جوفرا آرچر، جوناتھن بیرسٹو، ہیری بروک، سیم کرن، بین ڈکٹ، ٹام ہارٹلی، ول جیکس، کرس جارڈن، لیام لیونگسٹن، عادل راشد، فل سالٹ، ریس ٹاپلی اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے بھی ٹیم کا اعلان کردیا۔ جبکہ  گزشتہ روز نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیم کا اعلان ایک منفرد انداز میں کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل رہی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقہ بھی اپنی ٹیم کا اعلان کرچکا ہے۔ مذکورہ دونوں ٹیموں کی جانب سے ورلڈ کپ جرسیوں کی رونمائی بھی کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے اور اب آئی سی سی نے میچوں کے لیے امریکا میں نیویارک، فلوریڈا اور ٹیکساس سمیت 3 وینیوز کا اعلان کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp