بابر ستار کی دہری شہریت کا معاملہ، فیصل واوڈا نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے اہم مطالبہ کردیا

منگل 30 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر سیاستدان و سینیٹر فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا ہے کہ جسٹس بابر ستار کی جانب سے اس وقت کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو اپنے گرین کارڈ سے متعلق آگاہ کرنے کی خط کتابت سامنے لائی جائے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کو خط لکھ یہ تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر بابر ستار کی امریکی شہریت کے حوالے سے خبریں گردش کررہی تھیں جس پر 28 اپریل کو ہائیکورٹ نے ایک وضاحتی پریس ریلیز جاری کی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ جسٹس بابر ستار نے عدالت عالیہ میں بطور جج تعیناتی سے قبل اپنے گرین کارڈ کے متعلق اس وقت کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو آگاہ کیا تھا۔

ہائیکورٹ کے افسر تعلقات عامہ نے کہا تھا کہ جسٹس بابر ستار کے بیوی بچے پاکستانی اور امریکی شہریت رکھتے ہیں۔ 2021 تک جسٹس بابر ستار کے بیوی بچے امریکا میں رہ رہے تھے جو ان کے جج بننے کے بعد پاکستان منتقل ہو گئے تھے۔

ہائیکورٹ کے مطابق غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل فرد ہونے کی بدولت جسٹس بابر ستار کو امریکا کا مستقل رہائشی کارڈ ملا تھا۔ جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ کا اس وقت کے چیف جسٹس کو علم تھا۔ ’2005 میں جسٹس بابر امریکی لا فرم کی ملازمت چھوڑ کر پاکستان آگئے اور تب سے پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔ جسٹس بابر ستار کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت نہیں ہے‘۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بے بنیاد مہم کے دوران جسٹس بابر ستار کی ذاتی معلومات بھی شئیر کی گئی ہیں۔ جھوٹے الزامات کے ساتھ سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کی بیوی بچوں کے ٹریول ڈاکومنٹس بھی شیئر کیے گئے ہیں۔ جسٹس بابر ستار کے ٹیکس ریٹرن میں پہلے سے دی گئی پراپرٹیز کی تفصیلات بھی سوشل میڈیا پر ڈال دی گئی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پریس ریلیز اس لیے جاری کی جارہی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بطور ادارہ عوامی اختیار کا استعمال کررہی ہے اور عوام کو جوابدہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp