یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر سیاسی و حکومتی شخصیات نے ملک کی ترقی میں اپنا نمایاں حصہ ڈالنے والے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محنت کش پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا خون پسینا بہاتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ آج ہم ملک کے ان تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو رزق حلال کے حصول کی خاطر کھیتوں، کھلیانوں، کارخانوں اور مختلف شعبوں میں محنت سے دن رات اس ملک کی معیشت اور اسکی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، یہ لوگ نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے دن رات ایک کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کے لیے بھی اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں۔
مزید پڑھیں
یوم مئی جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور کے عین مطابق ہم پاکستانی افرادی قوت کے حقوق کے فروغ، مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات اور گھریلو ملازمتوں پر مامور افراد کے لیے قانون سازی کو بین الاقوامی معیار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آئیے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جہاں ہر محنت کش کی قدر ہو، عزت ہو، انہیں یکساں ترقی کے مواقع میسر ہوں اور ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام محنت کش افراد بااختیار ہوں۔ اللہ تعالیٰ ملکِ پاکستان کی خوشحالی کے لیے ہماری مخلصانہ کوششوں میں ہماری رہنمائی فرمائے۔
معاوضے میں اضافہ کرکے محنت کشوں کے مسائل کو کم کیا جاسکتا ہے، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ان تمام سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہے جن میں مزدوروں کے حقوق کی فراہمی و تحفظ ریاست کا آئین فراہم کرتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے اور پاکستان میں بھی محنت کشوں کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدورں کے کم سے کم معاوضے میں اضافہ کرکے محنت کشوں کے مسائل کومزید کم کیا جاسکتا ہے۔
حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ یکم مئی ایک اہم دن ہے اورمزدوروں کو اپنی طویل اور مشکل جدوجہد کے اعزاز کے لیے ہر سال یکم مئی کو’یوم مزدور‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ذوالفقار بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کو تحفظ دیا، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر روٹی، کپڑا اور مکان کے ویژن پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی اس کے محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور وقار سے منسلک ہے، پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شکاگو کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نےشہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے 1972 میں ملک کی پہلی لیبر پالیسی کے اجرا کے ذریعے مزدوروں کے حقوق کو تحفظ دیا اور انہیں مساوی نمائندگی و بااختیار بنانے کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے مزید کہاکہ بینظیر بھٹو نے اپنے مختصر ادوارِ حکومت کے باوجود پسماندہ طبقات کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے انتھک کاوشیں کیں۔
’آصف زرداری کے پہلے دور میں مزدوروں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے گئے‘
انہوں نے کہاکہ صدرمملکت آصف علی زرداری کے سابقہ دور حکومت کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور بینظیر ایمپلائز اسٹاک آپشن اسکیم (بی ای ایس او ایس) کے اجرا جیسے قابلِ تحسین اقدامات اٹھائے گئے، جو عوام کی معاشی خوشحالی اور سب کے لیے روزگار کے یکساں مواقع کو فروغ دینے کے متعلق پارٹی کے غیر متزلزل عزم کے آئینہ دار ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لیبر پالیسی، بینظیر مزدور کارڈ اسکیم اور مزدوروں کے لیے فلیٹس کی تعمیر سندھ کی عوامی حکومت کے قابلِ تحسین اقدامات ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ اور بلوچستان میں قائم صوبائی حکومتیں بینظیر مزدور کارڈ اور بینظیر کسان کارڈ جیسے پروگراموں کے ذریعے محنت کش طبقہ کو معاشی ریلیف پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔