سندھ میں امن و امان سے متعلق اجلاس: صدر زرداری نے اہم احکامات جاری کردیے

بدھ 1 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ کراچی سیف سٹی پراجیکٹ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

کراچی میں صدر مملکت کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص سمیت صوبائی وزرا اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی، ڈی جی رینجرز نے صدر مملکت کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کچے کے آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس میں صدر مملکت نے وزیراعلیٰ کو احکامات دیے کہ کراچی سیف سٹی پراجیکٹ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے ناردرن بائی پاس پر باڑ لگانے کا حکم دیا گیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ جو لوگ گاڑیاں اور موبائل چوری کرتے ہیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے، پولیس کو معلوم ہونا چاہیے کہ چوری کی گئی اشیا کہاں جاتی ہیں۔

آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ پولیس افسران سے بھرپور کام لیا جائے اور ان کی تعیناتی کو کارکردگی سے مشروط کردیا جائے۔

زمینوں پر قبضہ کسی صورت قابل برداشت نہیں

آصف زرداری نے کہاکہ زمینوں پر قبضہ کسی صورت قابل برداشت نہیں، اس حوالے سے زیروٹالرنس ہے، کسی کو بھی اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

آصف زرداری نے اجلاس میں پاکستان میں رہائش پذیر چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

انہوں نے کچے کے علاقوں کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ اغوا اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

صدر کی ڈرگ مافیا کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت

صدر مملکت آصف زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ جرائم کو ختم کرنے کے لیے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے درمیان سہ فریقی تعاون کا مؤثر نظام تیار کریں۔

انہوں نے اسکولوں میں منشیات کی لعنت کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہاکہ آئی جی سندھ ڈرگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp