پی آئی اے کی نجکاری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کی جائے،اسٹیل ملز سندھ حکومت خرید لےگی، بلاول بھٹو

بدھ 1 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر ہمارا موقف بالکل واضح ہے، اگر نجکاری کرنی ہی ہے تو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کی جائے۔

یوم مزدور کے موقع پر کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری کررہی ہے تو ملازمین کو بھی شیئرز دے۔ اداروں کی نجکاری کے بجائے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی طرف بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ بیٹھے ہم اسٹیل ملز ان سے خرید لیں گے اور ان سے بہتر چلا کر دکھائیں گے جبکہ مزدوروں کو روزگار بھی ملے گا۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ معیشت ترقی کرے، ضروری ہے کہ مزدوروں کو ان کا حق دیا جائے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ مزدوروں کے خون پسینہ سے دنیا کی معیشت چلتی ہے، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں مزدوروں کو ان کا حق ملا، اس کے بعد بینظیر بھٹو اور صدر زرداری کے پہلے دور میں بھی مزدوروں کے حقوق کے لیے قانون سازی ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ بینظیر بھٹو جب وزیراعظم بنیں تو انہوں نے مزدوروں کے نمائندوں کی رہائی کا حکم دیا جبکہ آصف زرداری کے دور میں مزدوروں کے خلاف قوانین ختم کیے گئے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ 2008 سے لے کر 2013 تک مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کی گئی، ہم نے کوشش کی کہ مزدوروں کو ان کی محنت کا صلہ دلوائیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے مزدوروں کے لیے جو قانون سازی کی کوئی صوبہ ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ پیپلزپارٹی کے دور میں مزدور کی اجرات اور پنشن میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں تنخواہوں میں زیادہ اضافہ کریں گی جبکہ وفاقی حکومت کو بھی اس حوالے درخواست کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم مزدوروں کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، مزدوروں کو بینظیر کارڈ کی فراہمی کے لیے کام ہورہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp