مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ ہوتو بات کی جاسکتی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کے ذاتی تعلقات ہیں، ان سے بھی بات کریں گے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سنجیدہ نہیں ہے، لیکن اگر سنجیدہ ہوجائے تو بات چیت کی جاسکتی ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کے ذاتی تعلقات ہیں، ان سے بات کریں گے، ماضی میں بھی بات ہوئی ہے، مولانا کی بات سمجھنے اور اپنی بات سمجھانے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے بات ہوتی رہے گی اور ہو گی، جب تک سب سرجوڑ کر نہیں بیٹھیں گے سیاسی عدم استحکام رہے گا، پی ٹی آئی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں۔
رانا ثناء نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی بات سمجھنے اور اپنی بات سمجھانے کی کوشش کریں گے، معاملے کو خوش اسلوبی سے طے کریں گے۔ مولانا فضل الرحمٰن سے بات ہوتی رہی ہے اور ہوگی۔
واضح رہے سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی کہا کہ اگر تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمان اکٹھے ہوگئے تو حکومت 2 سے 3 ماہ ہی چلے گی، پی ٹی آئی کو سب جماعتوں سے بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی ہی ہیں، اگر یہ دونوں حکومت کے خلاف ہوگئے تو پورا خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف ہوجائے گا، پنجاب پہلے ہی 100 فیصد حکومت کے خلاف ہے۔
’اس طرح یہ حکومت نہیں چل سکتی، پی ٹی آئی کو مولانا فضل الرحمان سمیت حکومت مخالف سب جماعتوں سے بات کرنی چاہیے‘۔
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ 2024 کے انتخابات میں 2018 سے زیادہ دھاندلی ہوئی، ہم اس جعلی حکومت کو نہیں چلنے دیں گے۔ بلوچستان کی سرزمین سے اٹھنے والی تحریک پورے ملک میں جائے گی اسے اب کوئی نہیں روک سکتا۔