دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے ٹی20 اسکواڈ کا اعلان، کون اِن اور کون آؤٹ؟

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے 18 رکنی ٹی20 اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، اسامہ میر اور زمان خان کی جگہ سلمان علی آغا، حسن علی اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم کے مطابق کپتان بابراعظم، ابراراحمد، اعظم خان، فخر زمان، صائم ایوب، حارث رؤف، حسن علی، سلمان علی آغا، اعظم خان، عرفان خان، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم، محمد عامر، شاداب خان، افتخار احمد، عباس آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے اعلان کی آخری تاریخ 24 مئی ہے

سلیکشن کمیٹی کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان انگلینڈ کیخلاف 22مئی کو پہلے ٹی20 کے بعد کیا جائے گا، ٹی20ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے اعلان کی آخری تاریخ 24مئی ہے، غیر معمولی ٹیلنٹ کی دستیابی کی وجہ سے ٹیم کا انتخاب آسان نہیں تھا، مکمل غور و خوض اور کرکٹ کے مختلف پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد ان 18 کھلاڑیوں کو حتمی شکل دی ہے۔

ان چاروں کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ منگل کی سہ پہر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لیا گیا جس میں نمایاں بہتری دکھائی دی ہے۔ اسی پیش رفت سے پی سی بی میڈیکل پینل اور ٹیم مینجمنٹ کو یہ اعتماد اور حوصلہ ملا کہ ان کرکٹرز کو سات ٹی20 میچوں کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا جائے۔

سلیکٹر محمد یوسف نے کہا کہ اسامہ میراور زمان خان کو ڈراپ کیاگیا ہے، اسامہ اور زمان کی جگہ حسن علی اور حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے، اس سے پہلے کبھی سیریز میں اتنے نوجوانوں کو چانس نہیں ملا، اعظم خان، عرفان خان اور محمد رضوان فٹ ہوکر ٹیم میں شامل ہوئے ہیں، محمد رضوان کی انجری میں کافی بہتری آئی ہے۔

ورلڈ کپ اسکواڈ سے متعلق سب کلیئر ہے، فٹنس دیکھ کر ہم اعلان کر دیں گے، وہاب ریاض

سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ حارث رؤف، عرفان نیازی اور رضوان کی طبیعت میں بہتری آئی ہے، چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکواڈ کا اعلان تاخیر سے کیا گیا ہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ سے متعلق سب کلیئر ہے، فٹنس دیکھ کر ہم اعلان کر دیں گے۔

ایک بیان میں وہاب ریاض نے کہا ہے کہ سب ایک پیج پر ہیں، فٹنس سے متعلق ایک دو کھلاڑیوں کو دیکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ عثمان خان کو سپورٹ کریں، ان کو ان کی بہترین کارکردگی پر لائے، انٹرنیشنل کرکٹ کا دباؤ ہوتا ہے کامیابی اور ناکامی کھیل کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حارث رؤف نے بولنگ شروع کر دی ہے، میچ پریکٹس نہیں، اس لیے حسن علی کو ساتھ رکھا، ہم چیزیں بہت بہتر کر رہے ہیں ناکامی کا خوف نکال رہے ہیں۔

واضح رہے ٹیم لاہور میں 4 سے 6 مئی تک تین روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 7 مئی کو ڈبلن کے لیے روانہ ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp