آسٹریلیا اور پاکستان جوان ممالک لیکن قدیم قومیں ہیں، آسٹریلوی ہائی کمشنر

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان دونوں نسبتاً نوجوان قومیں ہیں لیکن ہم پرانی تہذیبیں ہیں۔

جمعرات کو آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پائیدار تعلقات کی نشاندہی کرتے ہوئے’موسم بہار میں آسٹریلیا کے قومی دن‘ کی ایک پروقار تقریب کی میزبانی کے دوران نیل ہاکنز نے کہا کہ دونوں ممالک میں ایک بھرپور ثقافتی تنوع، نازک ماحولیاتی نظام اور منفرد حیاتیاتی تنوع کے ساتھ ایک وفاقی نظام حکمرانی مشترک ہے۔

ہائی کمشنر ہاکنز نے اپنے خطاب میں 160 سال کے عرصے سے جاری تاریخی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ایک ایسے پاکستان کا مستقل حامی ہے جو اس کے آئین کے مطابق جمہوری، جامع، خوشحال اور مستحکم ہو۔

صنفی مساوات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے تصدیق کی کہ ’ہم اپنے پاکستانی ساتھیوں کے ساتھ مل کر خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لیے، ان کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے اور ان کی کوششوں کی حمایت کرنے کے لیے خاص طور پر سرگرم ہیں‘۔

نیل ہاکنز نے کہا کہ اس سال ہم آسٹریلوی سینٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچرل اینڈ ریسرچ اور پاکستان کے درمیان تعاون کے 40 سال کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج ہم اپنی پولیس ایجنسیوں کے درمیان تعاون کے 40 سال کا بھی جشن منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے تجربات اور علم ذریعے ہم پاکستان کے زرعی شعبے کی ترقی اور پانی کے پائیدار انتظام کے طریقوں کو بہتر بنانے میں مدد کر رہے ہیں جوموسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے پیش نظر دونوں ممالک کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

ہاکنز نے مزید کہا، “مجھے یقین ہے کہ ایک لاکھ سے زیادہ آسٹریلوی پاکستانی اور ہزاروں پاکستانی آسٹریلوی سابق طلبا ہمارے ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لائیں گے۔

تقریب میں پاکستان میں آسٹریلیا کے بہت سے دوستوں نے شرکت کی جن میں سیاستدان، حکام، سفارت کار، میڈیا، کاروباری، ترقیاتی کمیونٹی اور پروجیکٹس پارٹنرز بھی شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp