ترکیہ نے اسرائیل سے تجارتی تعلقات منقطع کردیے

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ نے اسرائیل سے تجارتی تعلقات منقطع کردیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ترکیہ نے اسرائیل سے اپنی تمام تجارت روک دی ہے اور اسرائیل سے ہر قسم کی درآمدات اور برآمدات پر پابندی لگا دی ہے۔

ترکیہ کی وزرات تجارت کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی مسلسل اور مناسب ترسیل تک اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کی تجارت بند رہے گی۔

وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ یہ اقدام گزشتہ ماہ کیے گئے اس فیصلے کی توثیق ہے جس میں ترکیہ نے غزہ میں جنگ بندی کے اعلان تک اسرائیل کو بعض مصنوعات برآمد کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔

دوسری جانب، اسرائیل نے ترکیہ کے اس اقدام پر شدید احتجاج کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی درآمدات و برآمدات کے لیے بندرگاہیں بند کرکے ترک صدر اردوان تمام معاہدے توڑ رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک ڈکٹیٹر کا رویہ ایسا ہی ہوتا ہے جو اپنے عوام اور تاجروں کے مفاد اور بین الاقوامی معاہدوں کو نظرانداز کرتا ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ترکیہ کے اس فیصلے کا اطلاق تیسرے ملک کے ذریعے تجارت پر بھی ہوگا یا نہیں، تاہم انہوں نے اعلان کیا کہ اسرائیل دیگر ممالک سے تجارتی تعلقات بنائے گا اور مقامی پیداوار پر توجہ دے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp