ایلون مسک کی ٹیسلا میں جاری برطرفیوں کی لہر میں اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں میں پاکستانی نژاد خاتون بسمہ رحمن بھی شامل ہیں، جنہوں نے لنکڈاِن پر اس کا اعلان ایک جذباتی پوسٹ سے کیا جس پر صارفین نے نہ صرف ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا بلکہ روشن مستقبل کی امید بھی دلائی۔
ٹیسلا کی 500 سے زائد عملے پر مشتمل چارجنگ ٹیم کو تحلیل کرنے کے اس فیصلے سے براؤن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل بسمہ رحمن بھی متاثر ہوئیں اور انہیں گھر جانا پڑا لیکن انہوں نے اس مشکل موقع پر حوصلہ مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔
ٹیسلا میں اپنے تجربہ کی بنیاد پر انہوں نے لنکڈان پر لکھا کہ وہ اب کمپنی کے ساتھ نہیں ہیں، لیکن ان کا چہرہ یہ یاد دلانے کے لیے ٹیسلا کی ویب سائٹ پر موجود رہے گا کہ انہوں نے مشترکہ طور پر یہاں کیا حاصل کیا۔
’ان انتہائی سرشار لوگوں کے ساتھ کام کرنا ایک اعزاز اور اعزاز کی بات ہے جنہوں نے دل و جان سے چارجنگ ٹیکنالوجی اور ایک ایسے نیٹ ورک کی تعمیر کی جس نے نہ صرف ٹیسلا ڈرائیوروں کی خدمت کی بلکہ تمام الیکٹرک وہیکلز کا بھی خیرمقدم کیا، اور الیکٹرک وہیکلز سے سفر کرنا ہر ایک کے لیے ایک ہموار تجربہ بنادیا۔‘
بسمہ رحمن کے مطابق بدقسمتی سے 500 سے زائد ارکان پر مشتمل ان کی پوری ٹیم راتوں رات تحلیل کردی گئی تھی، یہ وہ ٹیم تھی جس انہیں اس حد تک خودمختار بنایا کہ وہ اب تک اپنے کریئر کا بہترین کام کرنے کے قابل ہوئیں، اپنے مشن سے وابستہ مخلص لوگوں کو چھوڑنا مشکل ہوتا ہے، جو انہیں بہتر سے بہتر کی طرف گامزن رکھتے ہیں۔
’ہم نے اپنے اور انڈسٹری کے لیے بہت اعلیٰ معیار کا تعین کیا ہے، مجھے امید ہے کہ ہم سب اسی جذبے کو اپنے مستقبل میں بھی دریافت کرسکیں، اگرچہ میں اب ٹیسلا میں نہیں ہوں، میرا چہرہ ٹیسلا کی ویب سائٹ پر موجود رہے گا تاکہ مجھے یاد دلاسکے کہ ہم نے مشترکہ طور پر کیا حاصل کیا تھا۔‘
لنکڈاِن پر صارفین کا رد عمل کیا رہا؟
دو دن قبل پوسٹ کی گئی بسمہ رحمن کی اس تحریر پر اپنے ردعمل میں ایک صارف ولیم نووارو جیمسن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں یقین ہے کہ بسمہ اس دھچکے سے سنبھل جائیں گی، کسی بھی کمپنی کو آپ کی شمولیت سے بہت فائدہ ہوگا۔
بسمہ رحمن کو مخاطب کرتے ہوئے ایک اور صارف ملیحہ سعادت نے لکھا کہ وہ بہت سے لوگوں کے لیے ایک مثال ہیں۔ ’یہ انتہائی مشکل وقت ہے لیکن اپنی مہارت اور قابلیت کے ساتھ آپ بہت جلد کچھ حیرت انگیز پائیں گی، میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔‘
اجے اگروال نے لکھا کہ انہیں اس بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا لیکن بسمہ جہاں بھی جائیں گی انہیں یقین ہے کہ وہ بہت معنی خیز مثبت اثر چھوڑیں گی، کیلا کارسن نے برطرفی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ان کے راہ میں بہت کچھ اچھا آنے والا ہے۔
صارف عبیر ابوبکر نے بسمہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ وہ انہیں ٹیسلا میں شمولیت سے قبل اپنی صلاحیتوں اور کیریئر پر ناقابل تصور حد تک محنت کرتے ہوئے دیکھ چکے ہیں۔ ’مجھے یقین ہے کہ آپ کے سامنے مزید حیرت انگیز مواقع موجود ہیں، آپ کے لیے تمام نیک تمنائیں، اس مشکل وقت میں حوصلہ رکھیں، کسی بھی طرح سے مدد کرنے میں مجھے خوشی ہوگی۔‘