بلوچستان میں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف گھیرا، 68 برخاست، 98 معطل

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، 68 اساتذۃ برخاست جبکہ 98 کو معطل کردیے گئے ہیں۔

بلوچستان میں شعبہ تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے حکومت بلوچستان نے گزشتہ ماہ سے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضریوں سے متعلق کارروائی کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے ایک ماہ کے دوران نصف سے زائد سکولوں میں اساتذہ اور عملے کی حاضریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں غیر حاضر اساتذہ اور عملے کے خلاف کارروائیوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، محکمہ تعلیم کی جاری کردہ رپورٹ وی نیوز نے موصول کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اپریل کے مہینے میں صوبے کے 15ہزار 168 اسکولوں میں سے 8 ہزار 646اسکولوں کا دورہ کیا جس میں استاتذہ سمیت 2 ہزار 454 ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔

ان غیر حاضر ملازمین میں کوئٹہ کے اسکولوں کے 238، کوہلو کے 177، ژوب کے 173، پشین کے 164، ڈیرہ بگٹی کے 133، آوران کے 123 اور نصیر آباد کے 110 ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 68 ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا گیا ہے، جن میں پشین میں 33، کوئٹہ میں 13، واشک میں 6، کچھی میں 5، ڈیرہ بگٹی میں 4 ملازمین شامل ہیں جبکہ 98کو معطل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اپریل کے مہینے میں 913 ملازمین کو شوکاز نوٹسز اور 778کو وضاحت دینے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے غیر حاضر 1ہزار 566 اساتذہ اور عملے کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے نیتجے میں 44 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست جبکہ 77 کو معطل کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp