پاکستان اور یمن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اسرائیل کے خلاف اضافی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جمعہ کو پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراورجمہوریہ یمن کے وزیر خارجہ ڈاکٹر شایع محسن الزندانی کے درمیان گیمبیا کے شہر بنجول میں او آئی سی کے 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، اس دوران پاکستان نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے یمن میں قومی مفاہمت اور سیاسی تبدیلی کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی یمن کے ساتھ تعلیم جیسے مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کشیدگی میں کمی کے لیے عالمی برادری کی جانب سے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اسرائیل کے خلاف اضافی اقدامات پر غور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔