احتجاج عوام کا آئینی حق، سڑکیں بند کرنے پر قانون حرکت میں آئےگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 4 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹرانسپورٹرز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں صوبائی وزیر خوراک حاجی علی مدد جتک، رکن بلوچستان اسمبلی میر لیاقت علی لہڑی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ زاہد سلیم، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندے شریک تھے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل حل کیے جائیں گے، تاہم انسداد اسمگلنگ کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ احتجاج کسی بھی شہری کا آئینی حق ہے مگر شاہراہوں کی بندش غیر قانونی اقدام ہے، شاہراہیں بند کرکے عوام کو تکلیف میں مبتلا کرنے پر قانون حرکت میں آئے گا اور کارروائی ہوگی۔

سرفراز بگٹی نے کہاکہ جوائنٹ چیک پوسٹیں قائم رہیں گی تاہم لیویز اور پولیس اہلکار انسداد اسمگلنگ میں تلاشی کے مجاز نہیں ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ جوائنٹ چیک پوسٹ پر مسافر بسوں کو 15 تا 20 منٹ سے زیادہ نہ روکا جائے اور عوامی مشکلات کے مدنظر ضروری کارروائی جلد مکمل کرکے بسوں کو ان کی منزل مقصود کی جانب روانہ کردیا جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان اور ٹرانسپورٹرز کے مابین ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ مسافروں کے جانی و مالی تحفظ کے لیے ہر مسافر گاڑی میں ایک سیکیورٹی اہلکار موجود ہوگا اور حکومت کی جانب سے مفاد عامہ میں جاری احکامات کی پابندی کو یقینی بنایا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp