نائلہ کیانی نے دنیا کی 5ویں بلند ترین چوٹی بھی سر کرلی

اتوار 5 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کی 5ویں بلند ترین چوٹی سر کرکے ایک ہی دن میں 3 ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیے۔

نائلہ کیانی نے یہ کارنامہ آج صبح نیپال میں 8 ہزار 485 میٹر بلند (27 ہزار 838 فٹ) ’مکالو‘ چوٹی سر کرکے انجام دیا۔ یہ دنیا کی 5ویں بلند ترین چوٹی ہے۔ نائلہ کیانی پاکستانی مرد و خواتین کی کیٹیگریز میں اب تک واحد کوہ پیما ہیں جنہیں 3 سال کے مختصر عرصہ میں دنیا کی 14 میں سے 11 ایسی چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے جن کی بلندی 8 ہزار میٹر سے زیادہ ہے۔

گزشتہ برس نائلہ کیانی نے 6 ماہ کے مختصر عرصہ میں 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 میں سے 7 چوٹیاں سر کرنے کا  اعزاز حاصل کیا تھا۔ پاکستانی کوہ پیما اب تک ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، لوٹسے، اناپورنا، گیشربرم ون، گیشربرم ٹو اور براڈ پیک چوٹی سمیت دیگر بلند چوٹیاں سر کرنے میں کامیاب ہوچکی ہیں۔

کوہ پیمائی کی کامیابیوں کے علاوہ نائلہ کیانی کو ان کی تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر بھی دنیا بھر میں خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔ انہوں نے لندن یونیورسٹی سے ایرو اسپیس انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ ایچ ایس بی سی مڈل ایسٹ بینک میں ایسوسی ایٹ نائب صدر کے طور فرائض انجام دے چکی ہیں۔

قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ نائلہ کیانی ایک باکسر بھی ہیں اور بطور ماں اپنے 2 چھوٹے بچوں کا بھرپور خیال رکھتی ہیں۔ ان کی غیر معمولی کامیابیوں کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے، جو پاکستان کی کسی بھی خاتون کھلاڑی کو دیا جانے والا اعلیٰ ترین سول اعزاز ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp