سڈنی چرچ حملہ، زخمی پادری نے حملہ آور کو معاف کردیا

جمعرات 18 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں چاقو حملے میں زخمی ہونے والے پادری نے حملہ آور کو معاف کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق، بشپ مارمیری ایمانویل نے اپنے ایک آڈیو بیان میں کہا، ’میں تیزی سے صحتیاب ہورہا ہوں، کسی کو میرے بارے میں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں، جس نے بھی یہ کام (حملہ) کیا اور جو لوگ بھی اس واقعہ کے پیچھے تھے میں ان سب کو معاف کرتا ہوں اور ان کے لیے دعاگو ہوں۔‘

پیر کو سڈنی کے کرائسٹ دی گڈ شیفرڈ چرچ میں ایک دعائیہ تقریب کے دوران ایک 19 سالہ نوجوان نے بشپ میری ایمانویل پر چاقو سے حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا تھا۔

واقعہ کے بعد پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا، اس وقت وہ اسپتال میں داخل ہے اور پولیس اس کی 24 گھنٹے حفاظت پر معمور ہے کیونکہ واقعہ کے بعد مشتعل ہجوم نے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں سے تلخ کلامی کی تھی اور پولیس سے ملزم کو ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

بشپ مار میری ایمانویل نے اپنے پیغام میں لوگوں سے پرسکون اور قانون کے دائرے میں رہنے کی اپیل کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، بشپ مار میری ایمانویل ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ وہ چرچ کی تقریبات میں ہم جنس پرستی، کورونا ویکسین اور اسلام کے خلاف بھی تقاریر کرچکے ہیں۔

بشپ میری ایمانویل اپنی متعدد ویڈیوز میں اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کی مخالفت بھی کرتے رہے ہیں، انہوں نے اپنی ویڈیوز میں بار بار پوپ فرانسس سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو خط لکھا جائے کہ فلسطین پر غیرقانونی قبضہ اور جارحیت بند کی جائے۔

واضح رہے کہ بشپ مار میری ایمانویل پر حملے سے 2 روز قبل سڈنی کے ایک شاپنگ سینٹر میں ایک چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے 6 افراد کو جان سے مار دیا تھا۔ مرنے والوں میں 5 خواتین اور ایک پاکستانی مرد سیکیورٹی گارڈ شامل تھے۔

سڈنی میں 3 دن میں چاقو کے 2 حملوں کے بعد آسٹریلیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ عوامی مقامات پر عدم تحفظ کا اظہار کررہے ہیں۔ تاہم آسٹریلوی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ دونوں واقعات کی ہر زاویے سے تحقیقات کررہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp