احرام لیتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے اور حج کے لیے کون سا احرام اچھا ہے؟

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‎ہر سال لاکھوں عازمین دنیا بھر سے فریضہ حج ادا کرنے سعودی عرب جاتے ہیں جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی شامل ہوتی ہے، حج کے لیے سب سے اہم احرام ہے جو کہ حج کا پہلا واجب رکن ہے۔

پاکستان میں 3 اقسام کے احرام دستیاب ہیں لیکن جو عازمین پہلی بار حج کی ادائیگی کے لیے جارہے ہیں انہیں کون سے احرام کا انتخاب کرنا چاہیے اور آج اس کی کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ قیمت کیا ہے؟

اس حوالے سے تفصیلات جاننے کے لیے وی نیوز کے نامہ نگار نے کراچی کی میمن مسجد کے گرد برس ہا برس سے احرام کے کاروبار سے منسلک تاجروں سے بات کی ہے۔

‎35 برس سے احرام کے کاروبار سے منسلک محمود حامد کہتے ہیں کہ حج پر جانے سے پہلے لوگ ہمارے پاس احرام، چپل، بغیر خوشبو کے صابن، 7 دانے طواف کی تسبیح اور ٹوپی وغیرہ خریدنے کے لیے آتے ہیں۔

کون سا احرام عازمین کے لیے بہتر؟

محمود احمد بتاتے ہیں کہ تولیے کا احرام گرمی ہو یا سردی دونوں موسموں میں بہتر ہوتا ہے، لٹھے کا احرام گرمی میں پسینہ آنے کی صورت میں چپکتا ہے اور پھر جسم بھی نظر آنے لگتا ہے جبکہ تولیے کا احرام پسینہ جزب کرے گا اور اس کی پکڑ بھی اچھی ہوتی ہے۔ ’تولیے کے احرام کی قیمت 1200 سے لے کر 3 ہزار روپے تک ہے‘۔

معراج خان نے وی نیوز کو بتایا کہ حج کی ادائیگی کے بعد یہاں سے جائے نماز وغیرہ خریدنے لوگ آتے ہیں جن کی قیمت 300 روپے سے شروع ہوکر 4200 روپے تک جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسی مارکیٹ سے لوگ آب زم زم کے لیے خالی بوتلیں، تسبیح، ٹوپیاں وغیرہ خریدتے ہیں تاکہ لوگوں کو تحفے میں دے سکیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کم قیمت سے لے کر اچھی کوالٹی کا سامان ہمارے پاس ہوتا ہے جس کی جتنی استطاعت ہوتی ہے وہ خرید لیتا ہے۔

تحفے کے لیے اشیا کی بھی کراچی سے خریداری

ایک اور تاجر محمد علی نے کہاکہ قیمتوں میں بہت فرق آچکا ہے، جو احرام 800 تک کا مل جاتا تھا اب وہی احرام 2500 روپے تک کا مل رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تولیے، فیبرک اور کپڑے کا احرام ہمارے پاس موجود ہے لیکن ہم عازمین حج کو تولیے کا احرام خریدنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

محمد علی نے کہاکہ ہمارے پاس دوران حج ضرورت کی ہر چیز موجود ہوتی ہے۔ جن میں تکیا، بیلٹ اور چپل وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تحفے میں دینے والی اشیا سعودی عرب میں بھی مل جاتی ہیں لیکن وہاں وزن اٹھانے کا مسلئہ ہوتا ہے اور عازمین کی کوشش ہوتی ہے کہ واپسی پر یہاں سے خرید کر تحائف دیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp