پی آئی اے کے حج آپریشن کا اعلان، 9 مئی کو 11 پروازیں سعودی عرب روانہ ہوں گی

ہفتہ 4 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے رواں سال 2024 کے لیے حج فلائٹ آپریشن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

پاکستان کی قومی ایئر لائن کی جانب سے جاری بیان میں پی آئی اے کا پری حج آپریشن 9 مئی 2024 سے شروع ہوگا اور 10 جون 2024 تک جاری رہے گا۔

ابتدائی منصوبے کے مطابق پی آئی اے 170 پروازوں کے ذریعے 34 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب لے جائے گی۔ ان 34 ہزار عازمین میں سے 19 ہزار سرکاری حج سکیم سے مستفید ہوں گے جبکہ 15 ہزار نجی عازمین پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں گے۔

بیان کے مطابق اس سال پی آئی اے پاکستان کے 8 شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، کوئٹہ، سیالکوٹ اور سکھر سے جدہ اور مدینہ کے لیے براہ راست پروازیں چلائے گی۔ اس سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر بھی دستیاب ہوگا۔

بیان کے مطابق’ روڈ ٹو مکہ‘  کے ذریعے عازمین حج پاکستان میں اپنی سعودی امیگریشن کے عمل سے گزریں گے اور اس سے انہیں جدہ یا مدینہ منورہ میں امیگریشن کے لیے لمبی قطاروں کی پریشانی نہیں اٹھانی پڑے گی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے حج سے آگاہی کے لیے گائیڈ بک بھی جاری کر دی ہے جس میں نیوسک ایپ پر تفصیلی ہدایات اور دیگر ضروری ہدایات شامل ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ عازمین حج ٹکٹ بک کراتے وقت اپنا موبائل نمبر رجسٹر کروائیں تاکہ انہیں اپنی پروازوں کے بارے میں بروقت معلومات مل سکیں۔

مناسک حج کی ادائیگی کے دوران پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی اپیل

ترجمان نے تمام عازمین حج سے درخواست کی ہے کہ وہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کریں۔ یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو وزارت مذہبی امور نے 9 مئی سے 9 جون تک پاکستان میں عازمین حج کے لیے ایک ماہ کی خصوصی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزارت کے ترجمان نے بتایا تھا کہ پہلے 15 دنوں کے لیے طے شدہ تمام پروازیں مدینہ منورہ ہوائی اڈے پر اتریں گی جبکہ زیادہ تر پروازیں 24 مئی سے 9 جون تک جدہ ہوائی اڈے پر اتریں گی۔

شیڈول آپریشن کے پہلے روز 2160 عازمین حج کو سعودی عرب لے جانے کے لیے 11 خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی جن میں کراچی سے 2 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر، اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680، لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670، ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329، سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 مسافر شامل ہیں۔ بلوچستان سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو کوئٹہ اور 27 مئی کو سکھر سے روانہ ہوگی۔

68 ہزار سے زیادہ عازمین حج کے لیے 259 خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی، وزارت حج

وزارت حج کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت رجسٹرڈ 68 ہزار سے زیادہ عازمین حج کے لیے 259 خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی اور یہ خصوصی پروازیں 9 جون کو اختتام پذیر ہوں گی۔

بعد ازاں ملک 20 جون سے اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرے گا تاکہ فریضہ حج کے اختتام کے بعد حجاج کرام کو وطن واپس لایا جاسکے۔

گزشتہ سال دسمبر میں حکومت کی حج اسکیم کی قرعہ اندازی کے تحت 69 ہزار 438 میں سے 63 ہزار 805 شہری کامیاب ہوئے تھے۔

گزشتہ سال سرکاری اسکیم کے تحت پاکستان سے 81 ہزار سے زیادہ عازمین نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستان کا ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کا کوٹہ بحال کرنے کے علاوہ 65 سال کی بالائی عمر کی حد کی پابندی بھی ختم کردی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp