امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات، کیا بات چیت ہوئی؟

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب سے ملاقات کی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پی ٹی آئی میڈیا سیل کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی صورت حال پر تفصلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی کیفیت اور معیشت کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں عوام کے ووٹ کے حق کے خلاف یلغار، بنیادی سیاسی آزادیوں پر عائد اعلانیہ اور غیراعلانیہ قدغنوں اور اظہار و ابلاغ کی آزادیوں کے خلاف غیرقانونی انتظامی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، تحریک انصاف کے مرد و خواتین قائدین و کارکنان سمیت سینکڑوں سیاسی قیدیوں کے خلاف ماورائے دستور و قانون سیاسی انتقام کے رواں سلسلے پر بھی بات چیت ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں اور امریکی سفیر کی ملاقات میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکی محکمہ خارجہ کی حالیہ رپورٹ کے مندرجات پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر عمر ایوب نے کہاکہ پاکستان نہایت سنگین نوعیت کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کی زد میں ہے۔ آئین سے سنگین انحراف اور قانون کی حکمرانی کی بدترین صورتحال سب سے بڑھ کر معیشت کی تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئین کی جانب سے شہریوں کو فراہم کردہ بنیادی حقوق، سیاسی آزادیاں اور ووٹ کا حق ملک میں سیاسی استحکام کے ضامن ہیں، پاکستان تحریک انصاف باہم گہرے کاروباری اور معاشی روابط کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں جبکہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔

عمر ایوب نے کہاکہ معاشی ترقی کا کوئی کلیہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کارگر ثابت نہیں ہوسکتا، دوطرفہ منفعت کے لیے باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر امریکا کے ساتھ تعلقات کے تسلسل اور ان میں وسعت کے خواہاں ہیں۔

ملاقات میں امریکی سفیر کی جانب سے پاکستان کی کثیرالجہتی ترقی میں بطور شراکت دار کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ جبکہ دونوں اطراف سے باہمی روابط کے تسلسل پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کی برطانوی ہائی کمیشن کے ذمہ داروں سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعہ اپنی حکومت کے خاتمہ کا الزام براہ راست امریکا پر عائد کرتے رہے ہیں، جسے امریکی محکمہ خارجہ نے مسترد کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp