آزاد کشمیر کے بارے میں بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اسحاق ڈار

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بارے میں بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات اور بلاجواز دعوے علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں، بھارت کشمیریوں کو اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنے کے لیے کوششیں اور کشمیری عوام کو منظم طریقے سے ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیمبیا کے شہر بنجول میں 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل سیاسی امور اور سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رابطہ گروپ کے رکن ممالک پاکستان، سعودی عرب، ترکی، نائیجر اور آذربائیجان کے نمائندے شریک ہوئے۔ کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں کا وفد اور او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بھارت منظم طریقے سے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہا ہے

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔اس موقع پر انہوں نے رابطہ گروپ کو کشمیریوں کو اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنے کے لیے بھارت کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ بھارت منظم طریقے سے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام نے اختلاف رائے کو کچلنے کے لئے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا ہے۔

بھارت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آزاد کشمیر کے بارے میں بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات اور بلاجواز دعوؤں کا نوٹس لے جو کہ علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، کالعدم سیاسی جماعتوں پر سے پابندیاں اٹھائے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد کے اقدامات جن کا مقصد آبادیاتی تبدیلی اور سیاسی انجینئرنگ ہے،کو منسوخ کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

بیان کے مطابق مختلف رکن ممالک کے وفود نے او آئی سی کے ایجنڈے میں تنازع جموں و کشمیر کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جائز جدوجہد کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے تنازعہ جموں و کشمیر کے جلد اور پرامن حل پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp