اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی ختم، ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری

منگل 7 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت قانون نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت صدیقی کی برطرفی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے ان کی باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

صدرمملکت آصف زرداری کی منظوری کے بعد وزارت قانون کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کا 11 اکتوبر 2018 کا نوٹیفکیشن واپس لیا جاتا ہے ان کی ریٹائرمنٹ 30 جون 2021 سے شمار ہوگی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی کی آئینی درخواستوں پر سماعت رواں برس 23 جنوری کو مکمل کرتے ہوئے 22  مارچ کو ان کی برطرفی کا سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کو غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے جب کہ 11 اکتوبر 2018 کو وزیراعظم کی سفارش پر صدر نے ان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا اسے بھی کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بحال نہیں کیا جاسکتا، انہیں ریٹائرڈ جج تصور کیا جائے، وہ بطور جج اسلام آباد ہائیکورٹ ریٹائرڈ اور تمام مراعات وپینشن کے حقدارہوں گے، انہیں پینشن سمیت تمام مراعات ملیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp