‘سیلفی کیوں لے رہے ہو؟’شکیب الحسن کی پرستار کے ساتھ بدسلوکی

منگل 7 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے باعث شہرت حاصل کرنے والے بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن کی ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں اپنے ایک مداح کو سلیفی لینے کی کوشش کے دوران بدسلوکی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے اہم رکن شکیب الحسن کو سیلفی لینے کے خواہشمند مداح کو تھپڑ مارنے اور فون چھیننے کی کوشش کرتے دکھا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ مداح نے بغیر اجازت سیلفی لینے کی کوشش کی۔ میچ سے پہلے پیش آنے والا یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ وائرل ویڈیو پر کمنٹس میں کہا جا رہا ہے کہ شکیب الحسن نے مبینہ طور پر مداح پر تشدد کی کوشش کی۔

واقعہ ڈھاکا پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) 2024 میں شیخ جمال دھنمنڈی کلب (ایس جے ڈی سی) اور پرائم بینک کرکٹ کلب کے درمیان میچ سے قبل پیش آیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹاس سے قبل شکیب الحسن ہیڈ کوچ شیخ صلاح الدین کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں کہ ایک نوجوان آگے بڑھ کر شکیب الحسن کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے جب کہ شکیب الحسن  اس سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کرتے ہیں اور اسے گردن سے دبوچ کر پیچھے دھکیل دیتے ہیں، پھر ساتھ ہی اسے تھپڑ مارنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

شکیب الحسن آئندہ ٹی۔20 ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں شامل ہیں

تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے حال ہی میں بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ کی تیاریوں پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہم زمبابوے اور امریکا کے خلاف اپنی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ورلڈ کپ کے بارے میں سوچیں تو یہ غلط ہوگا۔ شکیب الحسن نے ڈھاکا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ورلڈ کپ ایک مختلف جگہ پر کھیلا جائے گا اور جتنا زیادہ ہم دباؤ سے نمٹ سکتے ہیں اتنا اچھا کرنے کے امکانات زیادہ ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے خلاف کھیلنے کی ایک بڑی وجہ ان کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا اور جگہ کے بارے میں جاننا ہے، کیونکہ امریکا میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کی تعداد بہت زیادہ نہیں ہے۔ بہت کم لوگوں کے پاس فلوریڈا (2018) میں کھیلنے کا تجربہ ہے اور ہم اس سیریز کو کھیل کر کنڈیشنز کے عادی ہوجائیں گے، لیکن اس کے ساتھ ہی میں یہ بھی کہوں گا کہ یہ تیاری کوئی مثالی نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp