پختونخوا میں معمر افراد کے علاج معالجے سے متعلق خصوصی اقدام

جمعرات 9 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے مفت ایگزیکیٹو ہیلتھ چیک اپ میں کونسی سہولیات ہیں؟

خیبر پختونخوا حکومت صوبے کے 65 سال سے زائد عمر رسیدہ افراد کے لیے ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ کا آغاز کرنے جا رہی ہے جس میں عمر رسیدہ افراد کی تمام چیک اپ مفت کیے جائیں گے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے چند دن پہلے ایک مراسلہ صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں کو ارسال کیا تھا جس میں سرکاری اسپتالوں کو ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس حوالے سے تمام اسپتالوں میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ وزیر صحت خیبر پختونخوا سید قاسم علی شاہ کے مطابق ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور روان ماہ کریں گے۔

ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ میں کون سی سہولیات شامل ہوں گی؟

وزیر صحت کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے عمر رسیدہ افراد کو صحت کی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمر رسیدہ افراد کو بروقت چیک اپ کی ضرورت پڑتی ہے لیکن اسپتالوں میں رش اور پیسے نہ ہونے کے باعث وہ ضروری چیک اپ نہیں کر پاتے جو اب مفت کیے جائیں گے۔

قاسم علی شاہ نے بتایا کہ صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں خصوصی کاؤنٹر ز قائم کیے گئے ہیں جو صرف ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ کے لیے مختص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  65 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو ہر 3 ماہ بعد الٹرا ساؤنڈ، سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور دیگر سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اب بزرگ شہری لمبی قطار میں انتظار باری کا انتظار نہیں کریں گے کیوں کہ ان کے لیے الگ کاؤنٹر اور دیگر سہولیات ہوں گی‘۔

وزیر صحت کے مطابق ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ کے لیے آنے والے تمام افراد کا معائنہ اور میڈیکل ریکارڈ رکھا جائے گا جس سے مریضوں کے علاج معالجے میں آسانی ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp