میرے استعفے کا شیر افضل مروت کے خلاف کارروائی سے کوئی تعلق نہیں، اعظم سواتی

جمعہ 10 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی نے واضح کردیا ہے کہ ان کے پارٹی کمیٹیوں سے استعفے کا شیرافضل مروت کے خلاف انضباتی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ 3 ہفتے پہلے ہی 3 اہم کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرچکے ہیں اور ان کے اس فیصلے کا شیرافضل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان اور اپنے کیسز میں مصروف ہیں اس لیے انہوں نے 3 ہفتے پہلے یہ فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں اور گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے شیرافضل مروت کو کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکال دیا ہے جبکہ انہیں پارٹی کے واٹس ایپ گروپ سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے شیرافضل مروت کو سائیڈ لائن کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ اعظم سواتی نے شیرافضل مروت کا ساتھ دینے کے لیے تحریک انصاف کی کور و سیاسی کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تاہم اب اعظم سواتی نے واضح کردیا ہے کہ ان کے استعفے کا شیر افضل مروت والے معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp