سردار سلیم حیدر نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف لے لیا

جمعہ 10 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے جمعے کو اپنے عہدے کا حلف لے لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ان سے حلف لیا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب حلف برداری میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف، پیپلز پارٹی  کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر نے شرکت کی۔

سردار سلیم کی بطور گورنر پنجاب حلف برداری کی تقریب پہلے 5 مئی کو ہونی تھی  تاہم اسے ناگزیر وجوہات کی بناء پر ملتوی کردیا گیا تھا۔

صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ ہفتے سلیم حیدر، فیصل کریم کنڈی اور جعفر خان مندوخیل کو بالترتیب پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق سربراہ مملکت نے آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے کی بنیاد پر اپنی منظوری دی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران اس اہم نشست کے لیے نام فائنل کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی گورنر شپ کے لیے حیدر کے نام کی منظوری دی۔

واضح رہے کہ وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پائے گئے تھے جس میں فیصلہ کیا گیا تھا چیئر مین سینیٹ پیپلزپارٹی اور ڈپٹی چیئر مین ن لیگ کا ہوگا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ن لیگ اور ڈپٹی اسپیکر پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ اور اس کے علاوہ گورنر سندھ و بلوچستان ن لیگ اور گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کا ہوگا۔

نامزد گورنر پنجاب مقرر ہونے والے سلیم حیدر خان کا تعلق اٹک سے ہے۔ سردار سلیم حیدر پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔ وہ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز، وزیر مملکت برائے دفاع اور دفاعی پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔ وہ سنہ 2008 میں اٹک سے این اے 59 سے ایم این اے منتخب ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp