ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے سابق ایم پی اے صداقت حسین کی بنیادی رکنیت معطل کردی

جمعہ 10 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے ڈسپلنری ایکشن لیتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی صداقت حُسین کی تنظیم کی بنیادی رکنیت معطل  کردی. ان پر ایک امتحانی مرکز پر خاتون ٹیچر کو دھمکانے اور تشدد کرنے کا الزام ہے۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ آج صبح اورنگی ٹاؤن کے اسکول میں پیش آنے والے واقع کی شفاف تحقیقات کے لیے مرکزی کمیٹی نے صداقت حُسین کی رکنیت معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نقل مافیا کے خلاف سب سے مضبوط آواز ہے اور اپنے کسی بھی کارکن، ذمہ دار یا رکن اسمبلی کو یہ اجازت نہیں دیتی کہ وہ کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بنے یا پھر سرکاری کام میں مداخلت کا باعث بنے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے اسکول واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی تحقیقات سے بذریعہ میڈیا آگاہ کردیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp