سعودی ولی عہدکی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کے لیے مشعل راہ ہیں، شہباز شریف

ہفتہ 11 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے، اس طرح یہ ایک روایت بن گئی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں العربیہ نیوز چینل کی لارا نبهان کو دیے گئے خصوصی انٹرویو کا آغاز عربی زبان میں اظہار خیال سے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودیہ تعلقات برسوں پر محیط ہیں۔ ہمارے غم و خوشی مشترکہ ہیں۔ ہم کامیابی اور ترقی کے بھی ساتھی ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں، دونوں ممالک امن و خوشحالی میں شراکت دار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔ گذشتہ 8 برس میں سعودی ولی عہد نے مثالی کامیابیاں حاصل کیں جو ان کی مدبرانہ فراست و مثالی قیادت کے سبب ہی ممکن ہو سکی ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کا وژن 2030 پیش کیا جو دنیا کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکتِ سعودیہ عرب  کو عالمی سطح پر ایک رول ماڈل میں تبدیل کردیا ہے۔ سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور ترکیہ بھی آئی ٹی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پارٹنر بن سکتے ہیں۔ چین ہمارا عظیم دوست ہے وہ بھی اس میں پارٹنر بن سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp