اہلیہ پرویز الٰہی کا توہین عدالت کی کارروائی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

پیر 13 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چوہدری پرویز الٰہی کی اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقلی کے معاملے پر اہلیہ قیصرہ الٰہی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے سیکرٹری داخلہ اور سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔

درخواست گزار نے لکھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو پرویز الٰہی کو ہاؤس اریسٹ کرنے کی درخواست پر 2 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کو پرویز الٰہی کے متواتر میڈیکل چیک اپس کو یقینی بنانے کے احکامات دیے تھے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے بجائے پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ، سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے پرویز الٰہی کی درخواست پر فیصلہ کیے بغیر راولپنڈی سے لاہور منتقل کیا ہے۔

’سیکرٹری داخلہ یا سپرٹینڈنٹ کی جانب سے پرویز الٰہی کی منتقلی کے حوالے سے اہل خانہ کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا‘۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سیکرٹری داخلہ اور سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 مئی کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق پرویز الٰہی کی غیر قانونی طور پر کی گئی جلد بازی میں منتقلی سے ان کی صحت کو خطرے میں ڈالا گیا ہے، اس لیے عدالت ست استدعا کی جاتی ہے کہ سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp