پنجاب حکومت نے صوبے کے 5 لاکھ کاشتکاروں کو کسان کارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 5 لاکھ کاشتکاروں کو کسان کارڈ دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کسان گندم پر سیاست کرنے کے بجائے مجھ سے بات کریں، ملکی حالات کے مطابق ان سے مذاکرات کرکے مسئلے کا حل نکالیں گے۔
مزید پڑھیں
وزیر خوراک نے کہاکہ لاہور میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 840 سے 850 روپے کا دیا جارہا ہے، جبکہ 100 گرام کی روٹی جو پہلے 20 روپے کی تھی، پہلے 16 اور اب 15 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
6 ایکڑ کے کاشتکار سے گندم خریدی جائے گی، اسپیکر پنجاب اسمبلی
اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہاکہ گندم کے کاشتکار کے حوالے سے تمام فریقین سے بات چیت کرنے کی تجویز دی تھی، حکومت اب 6 ایکڑ کے کاشتکار سے گندم خریدنے کی پالیسی بنارہی ہے۔ دیکھتے ہیں اس پالیسی کا عام کاشتکار پر کیا اثر پڑتا ہے۔
حالات جس طرف جارہے ہیں عوام حکمرانوں کا گریبان پکڑیں گے، اپوزیشن لیڈر احمد خان
اس موقع پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہاکہ اس حکومت کا کردار سوائے پی ٹی آئی کے لوگوں کو پکڑنے اور پولیس کے ذریعے مقدمات بنانے کے علاوہ کچھ نہیں۔
انہوں نے کہاکہ کسان کو قتل کرکے سمندر میں پھینک دیں اگلی بات پر مٹی ڈالیں، میں نے گندم خریداری پر 5 تجاویز دیں جن کو اسپیکر نے بھی تسلیم کیا لیکن عمل نہیں کیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ فارم 47 کے ذریعے آنے والی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ گندم اسکینڈل کی تحقیقات نہ کروانا سوالیہ نشان ہے، حالات جس طرف جارہے ہیں عوام بھوک کی وجہ سے حکمرانوں کا گریبان پکڑیں گے۔