پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا نیا سنگ میل، 100 انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بدھ کے روز کاروبار کا آغاز انتہائی مثبت رہا اور 574 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

جہاں ایک طرف تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 100 انڈیکس پہلی مرتبہ 75 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا، وہیں دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 57 کروڑ شیئرز کے سودے 23.4 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 78 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 37 ارب روپے ہوگئی ہے، دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 5 پیسے اضافے کے بعد ڈالر 278 روپے 23 پیسے کا ہو گیا ہے۔

100 انڈیکس 75 ہزار کی حد عبور کرنے کو ماہرین معاشیات ملکی معیشت کے لیے اچھا  شگون قرار دیا ہے، مورگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) نے اپنے عالمی انڈیکسوں کا جائزہ لینے کے بعد نیشنل بینک آف پاکستان کو اپنے اسٹینڈرڈ انڈیکس میں شامل کیا ہے، جن کی مجموعی تعداد اب 21 ہوگئی ہے۔

معاشی ماہر عدنان پراچہ کے مطابق اس وقت ملک میں سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کی دلچسپی بھی دیکھنے میں آرہی ہے جس کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے، جس کا تسلسل ملکی پالیسیوں میں یکسوئی سے وابستہ ہے۔

’یہ مثبت معاشی اشاریوں کی طرف ایک قدم ہے اور اسی سے ہم مہنگائی اور دیگر مشکلات سے چھٹکارہ پاسکتے ہیں۔

معاشی ماہر شہریار بٹ کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے مالی تعاون اور اس کے بعد دوست ممالک کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کے باعث اسٹاک مارکیٹ کو یہ دن دیکھنا نصیب ہوا ہے۔

’ایک وقت تھا کہ ہم دیوالیہ ہونے کی باتیں کرتے تھے لیکن اس وقت اداروں کے مثبت اقدامات کے ثمرات آج نظر آرہے ہیں جو ملکی معیشت کو درست سمت کی جانب پیش قدمی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔‘

واضح رہےکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری روز میں 732 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 74 ہزار 531 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp