پاکستان کسٹمز حکام نے کوئٹہ میں رواں برس کے پہلے 4 ماہ کے دوران اسمگلنگ کیخلاف مختلف کارروائیوں میں 13 ارب روپے مالیت کا ممنوعہ سامان قبضے میں لیا ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستان کسٹمز کوئٹہ کے دائرہ کار میں فعال فیلڈ انفورسمنٹ یونٹس اور موبائل اسکواڈز نے روان برس جنوری سے اپریل کے دوران ریکارڈ مقدمات درج کرتے ہوئے لگ بھگ 13 ارب مالیت کا غیر ملکی سامان قبضے میں لیا ہے۔
ترجمان پاکستان کسٹمز کوئٹہ کے مطابق ضبط کیے گئے سامان میں چینی، سگریٹ، آٹا،کپڑا، پیٹرول، ڈیزل، چھالیہ، نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، موبائل فون، کھاد اور منشیات سمیت دیگر سامان شامل ہیں۔
4 ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں ساڑھے 8 لاکھ کلو گرام چھالیہ اور331 عدد نان کسٹم پییڈ گاڑیوں سمیت 3 لاکھ 70 ہزار کلو گرام کپڑا،6663 سگریٹ کے کارٹن اور مختلف اقسام کے 40504 ٹائرز بھی قبضے میں لیے ہیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق ان کارروائیوں میں قبضے میں لیے گئے سامان میں 14 لاکھ کلو گرام سے زائد چینی اور گندم سمیت 9 لاکھ 68 ہزار سے زائد لیٹر ڈیزل اور 6 لاکھ 31 ہزار سے زائد لیٹر پٹرول کے علاوہ 3859 موبائل فون، 41 ہزار کلو گرام آٹا اور 20ہزار کلو گرام کھاد سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔
پاکستان کسٹمز کوئٹہ کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق مذکورہ کارروائیوں میں دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا بھرپور تعاون کسٹمز حکام کو حاصل رہا، کسٹمز سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل مشترکہ چیک پوسٹوں نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
’کوئٹہ کسٹم کے تمام فیلڈ انفورسمنٹ یونٹس اور موبائل اسکواڈز ایک مرتبہ پھر ایک منظم میکینزم اور بہترین چیک اینڈ بیلنس سسٹم کے تحت فعال ہیں اور انتہائی مشکل اور قلیل وسائل میں صوبے کے دور دراز علاقے میں تندہی سے سر گرم عمل ہیں۔‘