پنجاب حکومت نے سرکاری اسکولوں کے 3 لاکھ بچوں کو گوگل سرٹیفیکیٹ دینے کے لیے گوگل سے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبے کے 32 ہزار 298 پرائمری اسکولز ہیڈز کو کمپیوٹر ٹیبلٹ بھی دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اسکول ایجوکیشن ریفامز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو اسکول نیوٹریش پراجیکٹ پر پیشرفت سے آگاہ کیا، اجلاس میں پنجاب کے 1 ہزار ایلیمنٹری اسکولوں میں آئی ٹی اینڈ سائنس لیب قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، 32 ہزار 298 پرائمری اسکول ہیڈز کو کمپیوٹر ٹیبلٹ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اجلاس میں سرکاری اسکولوں کے 3 لاکھ بچوں کو گوگل سرٹیفیکیشن کے لیے معاہدے کی اصولی منظوری دی گئی، اس معاہدے کی بدولت طلبہ کو گوگل سرٹیفیکیشن کے حصول کے مواقع ملیں گے، اس موقع پر پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹریننگ کے قیام کی تجاویز اور سفارشات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو ہر صورت بہترین کیا جائے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام سے ایجوکیشن ریفارمز کے 5 سالہ پلان کا ماہانہ شیڈول بھی طلب کیا ہے۔