وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے زمینداروں کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں، اب تمام ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ زمینداروں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا لیکن اس دوران قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔ جس کی بنیاد پر میں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرکے مسائل سامنے رکھے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے بلوچستان کے زمینداروں کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں، ایک ماہ کے دوران ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے اور تب تک 6 گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ سولر پروگرام کے لیے زمینداروں کو کوئی قرض نہیں بلکہ گرانٹ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کیسکو کی جانب سے زمینداروں پر بقایاجات سے متعلق معاملات زیر غور ہیں، کچھ کالی بھیڑیں اپنی ناکامی بلوچستان پر ڈالتی ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہاکہ ہمیں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، بلوچستان یونیورسٹی کے ملازمین کے مسئلے کو دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کچھ بھی ہو اب کسی کو نوکری بیچنے نہیں دوں گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ امن وامان کی بگڑتی صورتحال میرے لیے پریشان کن ہے، صوبے میں 3 سے 4 سالوں سے امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔
انہوں نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید میجر بابر نیازی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ لواحقین کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں۔