وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں
وزارت مذہبی امورکے ترجمان کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن بھی وزیر مذہبی امور کے ہمراہ ہیں ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چوہدری سالک حسین سعودی وزارتِ حج و عمرہ، پاکستان حج مشن کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
مزید برآں وفاقی وزیر مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن میں مین کنٹرول آفس میں جاری حج آپریشن پر بریفنگ لیں گے اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج سے ملاقات بھی کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر مذہبی امور عازمینِ حج کی رہائش گاہوں، کیٹرنگ کمپنیوں اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
وفاقی وزیر نے پاکستانی قونصلیٹ جنرل میں موجود حج مشن، نادرہ، پاسپورٹ، کمرشل اور ویلفیئرشعبہ جات کا معائنہ کیا۔
مزید برآں انہوں نے جدہ قونصلیٹ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سننے کے بعد موقع پر ہی ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔