اگلے 25 دنوں میں کن شہروں میں کتنی بار ہیٹ ویو آنے کا خدشہ ہے؟

جمعرات 16 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا راج برقرار ہے اور گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اورجنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

موسم گرما میں ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو کا خطرہ موجود رہتا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) نے اس بار بھی عوام کو ہیٹ ویو کے خطرے سے آگاہ کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق، ملک کے مختلف شہروں میں اگلے 25 دنوں کے دوران  3 ہیٹ ویوز آنے کا خطرہ ہے۔ پہلی ہیٹ ویو کا خطرہ سندھ میں عمر کوٹ، تھرپارکر، ٹنڈوالہ یار، مٹیاری، سانگھڑ جبکہ پنجاب میں بہاول پور اور رحیم یار خان میں ہے ۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 15 سے 30 مئی کے دوران ان علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے اور گرمی اس سے بھی زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے جب کہ گرمی کی لہر 2 سے 3 دن جاری رہ سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ مئی کے آخر یا جون کے شروع میں سندھ اور پنجاب کے ان علاقوں میں گرمی کی دوسری لہر کا خدشہ ہے جس میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جاسکتا ہے اور یہ 4 سے 5 دن تک جاری رہ سکتی ہے ۔

تیسری ہیٹ ویو کا خدشہ جون کے پہلے 10 دنوں کے دوران ہے جو کہ سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، بدین اور خیرپور کو متاثر کرے گی ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp