پارٹی اختلافات پر نوٹس، عمران خان نے شاندانہ گلزار کو طلب کر لیا

جمعرات 16 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی اختلافات پر نوٹس لیتے ہوئے خیبر پختونخوا سے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کو طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو سیاسی ملاقاتوں کے دوران پارٹی اختلافات کے باعث مبینہ گروپنگ والا معاملہ سامنے آنے پر سابق وزیراعظم عمران خان نے شاندانہ گلزار کو طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سینیٹر شبلی فراز، سینیٹر اعظم سواتی، تیمور ملک اور کرنل ر اعجاز منہاس نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کی۔

اس دوران سینیٹر شبلی فراز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو پارٹی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے فیصلوں پر عمل کر رہے ہیں، آپ نے ہمیں عہدے بھی دیے اور آپ کی ہدایات کے ہم پابند ہیں لیکن ہمیں پارٹی کے اندر سے غداری کے سرٹیفیکیٹ دیے جارہے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے سامنے پارٹی کی صورتحال بتاتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ آپ تحفظات رکھنے والے رہنماؤں کو طلب کریں ، ان سے ملاقات کریں تاکہ ہم اپنے اندرونی مسائل ختم کر کے اصل ایشوز پر توجہ دیں۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’مجھے پتا ہے کہ کس نے قربانیاں دی ہیں اور کون کس کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ صداقت عباسی جیسے لوگوں پر جو تشدد ہوا اور پریس کانفرنسز کروائی گئیں وہ بھی مجھے معلوم ہے‘۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے بھی شاندانہ گلزار کو ملاقات کے لیے طلب کیا تھا تاہم وہ ملاقات کے لیے نہیں گئیں۔

اس حوالے سے وی نیوز نے شاندانہ گلزار سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ انہیں ملاقات کے لیے کوئی پیغام موصول نہیں ہوا تاہم وہ اگلے ہفتے عدالت سے رجوع کرنے کے بعد عمران خان سے ملاقات کے لیے جائیں گی۔

دوسری جانب ذرائع کا دعوی ہے کہ شاندانہ گلزار کو عمران خان کی طلبی کا پیغام دیا گیا تھا جس پر انہوں نے گاڑی خراب ہونے کا کہہ کر معذرت کر لی تھی۔

سابق وزیراعظم عمران خان شاندانہ گلزار اور دیگر رہنماؤں کے تحفظات سن کر پارٹی کے اختلافات ختم کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے اپنی ہی موجودہ قیادت پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے گئے اور سوشل میڈیا مہم بھی شروع کی گئی جس کی شکایت عمران خان تک پہنچا دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp