عمران خان نے شاندانہ گلزار کو پارٹی رہنماؤں پر تنقید کرنے سے روک دیا، پارٹی ڈسپلن پر کاربند رہنے کی ہدایت

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کو پارٹی رہنماوں پر تنقید کرنے سے روکتے ہوئے پارٹی ڈسپلن پر چلنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات میں رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے اپنے تحفظات سابق وزیراعظم عمران خان کے سامنے رکھے جس پر بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ پارٹی کے تمام فیصلے ان کی ہدایات کے مطابق ہوتے ہیں اور پارٹی کے رہنماؤں پر تنقید کرنے سے اختلافات جنم لیتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق وزیراعظم عمران خان سے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے پارٹی اختلافات سے متعلق عمران خان کو آگاہ کیا تھا جس کے بعد بانی چیئرمین نے شاندانہ گلزار کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے انہیں اڈیالہ جیل طلب کیا تھا۔

جمعرات کو شاندانہ گلزار کے علاوہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان، ترجمان رؤف حسن، فردوس شمیم نقوی اور دیگر رہنماؤں نے بھی پارٹی قائد سے جیل میں ملاقات کی۔

عمران خان نے شاندانہ گلزار کو پارٹی  ڈسپلن پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ خواتین قیدیوں کی آواز میڈیا پر اجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سابق وزیراعظم نے بشریٰ بی بی سمیت ڈاکٹر یاسمین راشد، عالیہ حمزہ اور دیگر خواتین کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ میڈیا پر اجاگر کرنے کی ہدایت بھی کی۔

شاندانہ گلزار نے کیا شکایتیں کیں؟

ذرائع کے مطابق شاندانہ گلزار نے موجودہ قیادت کی جانب سے جارحانہ رویہ نہ اپنانے اور احتجاج میں تاخیر سے متعلق تشویش سے آگاہ کیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دھرنا یا لانگ مارچ کسی بھی تحریک کا آخری راؤنڈ ہوتا ہے اور اس وقت پارٹی کی تنظیم نو کا مرحلہ اہم ہے جس کے بعد ورکرز کنونشن کروائے جائیں گے اور پھر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ موجودہ قیادت تمام فیصلے مجھ سے مشاورت کے بعد کرتی ہے اور میری ہدایات کو نظر انداز نہیں کیا جاتا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کو بھی پارٹی ڈسپلن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات پر سابق وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی اور انہیں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہونے والے جلسوں کے شیڈول سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp