ہنڈا نے الیکٹرک گاڑیوں میں سرمایہ کاری دُگنی کرنے کا اعلان کردیا

جمعہ 17 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور کمپنی ہنڈا کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے، کمپنی نے 2030 تک سرمایہ کاری کو دُگنا کرکے 65 بلین ڈالر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ تاہم، کمپنی 2040 تک 100 فیصد الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کی فروخت حاصل کرنے کے 3سال قبل مقرر کردہ ہدف کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

جاپان کے معروف کار ساز ادارے ہنڈا کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا کہ کمپنی 2030 تک اس شعبے میں تقریباً 10 ٹریلین ین کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جب ای ویز کی مکمل مقبولیت کا دور شروع ہونے کی امید ہے۔

کار ساز کمپنی نے پہلے درمیانی مدت میں ای وی ٹیکنالوجی کے لیے 5ٹریلین ین مختص کیے تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہنڈا ایک مسابقتی کاروباری ڈھانچہ قائم کرنا چاہتی ہے جس کا مقصد مجموعی پیداواری لاگت کو تقریباً 35 فیصد کم کرنا ہے اور 2030 تک، ہنڈا شمالی امریکا میں خریدی جانے والی بیٹری کی قیمت کو موجودہ بیٹریوں کی قیمت کے مقابلے میں 20 فیصد سے زیادہ کم کر دے گی۔

2030 تک کمپنی کا مقصد الیکٹرک گاڑیوں اور فیول سیل ای وی کو عالمی سطح پر فروخت کا 40 فیصد بنانا ہے۔ دنیا کی آٹو کمپنیاں تیزی سے الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کو ترجیح دے رہی ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات بارے تشویش بڑھنے کے ساتھ کم آلودگی پھیلانے والے ماڈلز کی مانگ بڑھ رہی ہے۔

رواں سال اپریل میں، ہنڈا نے 11 بلین امریکی ڈالر کے نئے الیکٹرک وہیکل(ای وی) بیٹری اور گاڑیوں کے اسمبلی پلانٹ کے ساتھ کینیڈا کی تاریخ میں سب سے بڑی آٹو سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، ایک ہی وقت میں، اعلیٰ قیمتوں، بھروسے، رینج اور چارجنگ پوائنٹس کی کمی کے بارے میں صارفین کی تشویش کی وجہ سے ای وی مارکیٹ میں سست روی دیکھی جارہی ہے۔

خیال رہے چین نے 2023 میں الیکٹرک کاروں کی برآمد میں جاپان کو پیچھے چھوڑ دیا تھا، ہنڈا کمپنی 2030 تک ہر سال تقریباً 20 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے بڑے حریف ٹویوٹا کا ہدف 2026 تک سالانہ 1.5 ملین اور 2030 تک 3.5 ملین الیکٹرک گاڑیاں فروخت کرنا ہے۔

واضح رہے ٹویوٹا بڑے پیمانے پر سالڈ اسٹیٹ بیٹریاں تیار کرنے کی بھی امید کر رہی ہے، جو کہ ممکنہ طور پر انتہائی اہم تکنیکی پیش رفت ہے جس سے گاڑیوں کی چارجنگ تیز اور رینج زیادہ ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp