ٹی20 ورلڈ کپ 2024: وارم اَپ میچز کا شیڈول جاری، پاکستان کوئی میچ نہیں کھیلے گا

جمعہ 17 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے وارم اپ میچز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ وارم اَپ میچ 27 مئی سے یکم جون تک امریکا اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے مختلف مقامات پر 6 روز تک جاری رہیں گے۔ وارم اَپ میچوں کو بین الاقوامی ٹی20 میچوں کی حیثیت حاصل نہیں ہوگی۔ پاکستان، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں وارم اَپ میچ نہیں کھیلیں گی۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے وارم اَپ میچز میں صرف 17 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 27 مئی سے امریکا کی ریاست ٹیکساس میں وارم اَپ میچز کا پہلا میچ کینیڈا اور نیپال کے درمیان گرینڈ پریری کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ادھر ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں عمان کا مقابلہ پاپوا نیوگنی سے ہوگا۔ اسی روز شام کو ایک میچ نمیبیا اور یوگنڈا کے مابین ہوگا۔

اگلے روز سری لنکا اور نیدرلینڈز امریکا کے شہر فلوریڈا کے بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔ جبکہ بنگلہ دیش کا مقابلہ ٹیکساس کے گرینڈ پریری میں امریکا سے ہوگا۔ آسٹریلیا اور نمیبیا کے درمیان میچ شام کو کوئنز پارک اوول میں کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم 29 مئی کو بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں انٹرا اسکواڈ میچ کھیلے گی جبکہ کوئنز پارک اوول میں افغانستان کا مقابلہ عمان سے ہوگا۔ 30 مئی کو ٹیکساس کے گرینڈ پریری میں نیپال کا مقابلہ امریکا سے ہوگا۔ جبکہ شام کو ہالینڈ اور کینیڈا آمنے سامنے ہوں گے۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں اسکاٹ لینڈ کا مقابلہ یوگنڈا سے ہوگا۔

31 مئی کو آئرلینڈ اور سری لنکا بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔ کوئنز پارک اوول میں اسکاٹ لینڈ کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔ یکم جون بنگلہ دیش اور بھارت مدِ مقابل ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز نہیں کھیلے گی کیونکہ قومی ٹیم اس دوران انگلینڈ کے دورے پر 4 میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیل رہی ہوگی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول میچ کے باعث انگلینڈ بھی وارم اپ میچز نہیں کھیلے گا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا کے خلاف کھیلے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp