اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کو سنی اتحاد کونسل کی رکن زرتاج گل سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر پورے سیشن کے لیے معطل کردیا ہے اور ساتھ ہی اسپیکر نے قومی اسمبلی کی راہداریوں میں ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور میڈیا کی طرف سے ویڈیو بنانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
مزید پڑھیں
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی رواں سیشن تک رکنیت معطل کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی جو منظور کرلی گئی، ایاز صادق نے کہا ہے کہ کل ایک واقعہ ہوا جس سے بہت سے ممبران کی دل آزاری ہوئی، اس حوالے سے متعدد ارکان مل کر بیٹھے اور شدید تشویش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں طارق بشیر چیمہ اور زرتاج گل کے درمیان تلخی کے بعد سابق اسپیکر اسد قیصر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سنی اتحاد کونسل کے نمائندے اسپیکر کے چیمبر میں پہنچ گئےتھے،
قبل ازیں قومی اسمبلی میں طارق بشیر چیمہ کی تقریر کے دوران زرتاج گل بہاولپور کا ذکر کرتی رہیں اور طارق بشیر چیمہ کو بہاولپور یونیورسٹی تصویر اسکینڈل کا حوالہ دیتی رہیں، طارق بشیر چیمہ اپنی تقریر کے بعد زرتاج گل کی نشست کی طرف بڑھتے ہوئے زرتاج گل کو نازیبا الفاظ کہے۔
جس پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان بھڑک اٹھے اور طارق بشیر چیمہ کی طرف لپکے، معاملہ ڈیڈ لاک کا شکار ہونے پر سینئر قیادت اسپیکر آفس پہنچی سنی اتحاد کونسل کے نمائندے اسپیکر کے چیمبر میں پہنچ گئے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما شاہد خٹک نے اسپیکر چیمبر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طارق بشیر چیمہ نے زرتاج گل کو گالی دی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ ہم برداشت نہیں کریں گے بات جماعت کی نہیں ہے زرتاج گل خاتون ہیں ان کا احترام بنتا ہے۔
اسپیکر ایاز صادق زرتاج گل کی شکایت پر سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی۔