پاکستانی طلبا پر تشدّد، کرغزستان کے ناظم الامور دفتر خارجہ طلب

ہفتہ 18 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکی طلبا کے خلاف تشدد کے واقعات کے بعد کرغزستان سفارتخانے کے ناظم الامور کو احتجاج کے لیے دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل اعزاز خان نے کرغزستان سفارتخانے کے ناظم الامور کو طلب کیا اور وہاں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبا کے خلاف واقعات کی رپورٹس پر حکومتِ پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے حکومتِ پاکستان، کرغزستان حکومت سے رابطے میں ہے، کرغزستان حکام نے بشکیک میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکی طلبا کے خلاف تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کرغزستان حکام نے انکوائری کرانے اور قصور واروں کو سزا دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ کرغزستان میں پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی ہیلپ لائن کھول دی ہیں، سفارت خانے نے طلبا اور ان کے اہلخانہ کے تمام خدشات اور سوالات کے جوابات دیے ہیں۔

4 پاکستانیوں کو ابتدائی طبی امداد دیدی گئی جبکہ ایک جبڑے کی چوٹ کے باعث زیرِ علاج ہے، وزارتِ صحت

کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم اعلیٰ کرغزستانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ کرغزستان کی وزارت صحت کے مطابق 4 پاکستانیوں کو ابتدائی طبی امداد دیکر فارغ کردیا گیا جبکہ ایک پاکستانی جبڑے کی چوٹ کے باعث زیرِ علاج ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp