کرغستان فسادات: طلبا کی مدد کے لیے وزیراعظم کی امیر مقام کو فوری بشکیک روانہ ہونے کی ہدایت

ہفتہ 18 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے وفاقی وزیر امیر مقام کو فوری کرغستان کے دارلحکومت بشکیک جانے کی ہدایت کی ہے۔ انجینیئر امیر مقام ہفتہ کے روز ہی بشکیک کے لیے روانہ ہوں گے۔

وزیر اعظم آفس سے ہفتہ کے روز جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو کرغستان میں غیر ملکی طلبا پر تشدد اور اس میں پاکستانی طلبا کے زخمی ہونے پر گہری تشویش ہے، جس پر وزیر اعظم نے وفاقی وزیر انجینیئر امیر مقام کو فورجی بشکیک کے لیے روانہ ہونے اور حالات کو خود مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق انجینیئر امیر مقام آج ہی بشکیک کے روانہ ہوں گے اور وہاں کرغستان کے اعلیٰ سرکاری حکام کے ساتھ ملاقات کریں گے، انجینیئر امیر مقام وہاں پاکستانی طلبا سے بھی ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلبا مخالف فسادات پر گہری تشویش ہوئی ہے، پاکستانی سفارتخانہ زخمی طلبا کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات میں معاونت یقینی بنائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ جو طلبا پاکستان آنا چاہیں، سرکاری خرچ پر ان کی فوری واپسی یقینی بنائیں۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں تشدد کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن علی ضیغم کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستانی طالب علموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔

وزیراعظم نے سفیر کو ذاتی طور پر پاکستانی طالب علموں کے ہاسٹل کا دورہ کرنے اور ان سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سفیر پاکستان نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پاکستانی طالب علم محفوظ ہیں اور زخمیوں کی سفارت خانہ مدد کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے پاکستانی سفیر کو والدین سے رابطے میں رہنے اور انہیں بروقت معلومات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ زخمی پاکستانی طلبا کے لیے فوری انتظامات کیے جائیں جو پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں۔ حکومت اس سلسلے میں تمام اخراجات برداشت کرے گی۔

 وزیراعظم نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ خود صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس صورتحال میں طلبہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کرغیز حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ کرغزستان کے شہر بشکیک میں پاکستانی طالب علموں کی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔

 بشکیک میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق بشکیک میں مقیم غیر ملکی طالب علموں بشمول پاکستانی طالب علموں کو چند روز قبل مصری شہریوں کے ساتھ جھگڑے کے بعد مقامی افراد کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق بشکیک میں میڈیکل یونیورسٹیوں کے کچھ ہاسٹل اور پاکستانیوں سمیت بین الاقوامی طالب علموں کی نجی رہائش گاہوں پر حملے کیے گئے۔ تاہم سفارت خانے کا کہنا ہے کہ اب تک انہیں وہاں کسی پاکستانی طالب علم کی موت یا ریپ کی کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ میرا دفتر سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

سفارت خانے نے پہلے ہی ہیلپ لائن نمبر 996555554476+ اور 996507567667 + شیئر کر رکھے ہیں اور طلباء اور ان کے اہل خانہ کی سیکڑوں کالز کا جواب دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp