سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب

پیر 20 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ میں 3 ججز کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 7 جون کو طلب کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے 3 ججز کی تقرری کے لیے 9 ججز کے ناموں پر غور کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے 6 اور سندھ ہائیکورٹ کے 3 ججز کے نام زیرغور آئیں گے۔

زیرغور آنے والے ججز میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد کا نام اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل عباسی کے نام بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 3 مئی کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار کے حوالے سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے زیرصدارت اجلاس میں جوڈیشل کمیشن رولز 2010 میں مجوزہ ترمیم کا فیصلہ نہیں ہوسکا تھا اور اجلاس غیرمعینہ مدت کے لیے یہ سوچ کر ملتوی کردیا گیا تھا کہ رولز کی منظوری کا معاملہ آئندہ اجلاس میں طے کیا جائے گا۔ تاہم ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ ججز تقرری کا عمل نہیں رکنا چاہیے۔

جوڈیشل کمیشن کے آئندہ اجلاس میں ججز کی تعیناتی کے لیے 2 رکنی کمیٹی کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل کمیٹی نے سپریم کورٹ کے تمام ججز سے رائے طلب کی تھی۔ سپریم کورٹ کے تمام ججز نے اپنی رائے کمیٹی کو بھجوائی تھی۔

گزشتہ ماہ، پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس محمد ابراہیم خان نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے نام خط میں سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتیوں میں خیبرپختونخوا کو نظرانداز کیے جانے کا شکوہ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp