بنگلا دیش کے سابق آرمی چیف کو امریکی پابندیوں کا سامنا کیوں؟

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا نے بنگلا دیش کے سابق آرمی چیف عزیز احمد پر پابندیاں عائد کردیں، ان پابندیوں کا اطلاق ان کے قریبی افراد پر بھی ہوتا ہے۔ امریکا نے سابق آرمی چیف پر کرپشن کے الزامات پر پابندیاں عائد کیں۔

 امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ویب سائٹ پر شائع کیے گئے ایک بیان میں عزیز احمد اور ان کے خاندان کے افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا اعلان کیا گیا۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بھی بیان دیا کہ عزیز احمد عوامی عمل میں مداخلت کرتے ہوئے بدعنوانی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔

’عزیز احمد نے عوامی عمل میں مداخلت کرتے ہوئے، اپنے بھائی کی بنگلہ دیش میں مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے احتساب سے بچنے میں مدد کی، اور نمایاں بدعنوانی کے مرتکب بھی ہوئے‘۔

بیان کے مطابق عزیز احمد نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر فوجی ٹھیکوں کے نامناسب اجرا کو یقینی بنانے کے لیے بھی کام کیا اور اپنے ذاتی فائدے کے لیے سرکاری تقرریوں کے عوض رشوت حاصل کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ان کے اقدامات نے بنگلہ دیش کے جمہوری اداروں اور عوامی اداروں سمیت عوام کے اعتماد کو کمزور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سابق آرمی چیف پر پابندی کا یہ اقدام بنگلا دیش میں جمہوری اداروں اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے امریکی عزم کی تصدیق کرتا ہے۔

واضح رہے امریکا کی جانب سے یہ اقدام سالانہ ڈیپارٹمنٹ آف اسٹیٹ، فارن آپریشنز، اور متعلقہ پروگرامز اپروپریشن ایکٹ کے سیکشن 7031(c) کے تحت اٹھائے گئے ہیں۔ جس کے تحت یہ کارروائی عزیز احمد اور اس کے قریبی خاندان کے افراد کو عام طور پر امریکا میں داخلے کے لیے نااہل قرار دیتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp