صحت کارڈ کے ذریعے شہریوں کو 20 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کارڈ کو مزید وسعت دے رہی ہے اور صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کے لیے فنڈز کی حد کو 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کیا جائے گا۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ہیلتھ کارڈ کے ذریعے خیبرپختونخوا کے شہری اپنے صوبے ہی نہیں بلکہ پاکستان بھر میں منظورشدہ اسپتالوں سے اپنا مفت علاج کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری اسپتالوں میں صحت کی سہولیات کو بھی بہتر کرنا چاہتی ہے۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے مسائل ہیں اور یہ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کا واحد حل اپنے علاقوں کی ترقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کو بہتر کرنے کے لیے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے عزم و استقامت کے ساتھ کام کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اس مقصد کو پانے کے لیے حکومت کو عوام اور مختلف اداروں اور تنظیموں کی حمایت درکار ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی فورسز کے جوانوں نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں وہ دہشتگردی کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے لیکن اس کے لیے ان کی توجہ علاقوں کی ترقی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی پر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp