حکومت یقین دہانی کروائے اس شہر سے آئندہ کوئی اغوا نہیں ہوگا، جسٹس محسن اختر کیانی

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شاعر احمد فرہاد کے لاپتا ہونے کے کیس کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ حکومت یقین دہانی کروائے کہ اس شہر سے آئندہ کوئی بھی اغوا نہیں ہوگا۔ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جی میں یقین دہانی کرواتا ہوں لیکن مجھے کچھ وقت دیا جائے۔

شاعر احمد فرہاد کے لاپتا ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور شاعر احمد فرہاد کی جانب سے وکیل ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئیں۔

سماعت کے آغاز میں جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ احمد فرہاد کو ریکور کروانا آپ کی ذمہ داری ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ تمام ذارائع استعمال میں لا کر احمد فرہاد کو ریکور کریں گے۔ آپ کو یقین دہانی کرواتا ہوں آپ مجھے کچھ وقت دیں۔

جسٹس محسن اختر بولے کہ آپ نے یہ یقینی بنانا ہے کہ اس شہر میں کوئی بھی شخص اغوا نہ ہو، آپ کا بیان اثر رکھتا ہے۔ اگر احمد فرہاد ریکور نہ ہوئے تو یہ ریاست کی ناکامی ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آپ مجھے کچھ وقت دیں، میں آپ کو یقین دہانی کرواتا ہوں۔

وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ کل عدالت میں بیان دیا گیا کہ آئی ایس آئی کے پاس احمد فرہاد نہیں ہیں، ماضی میں بھی یہی ہوا ہے کہ ایجنسیز بیان دیتی ہیں اور پھر مغوی آئی ایس آئی اور ایم آئی سے ریکور ہوتا ہے۔ 6دنوں سے کیا تفتیش ہوئی اور ان کو ڈھونڈنے کے لیے کیا اقدمات کیے گئے؟

ایمان مزاری نے کہا کہ یہ ایجنسیز کہتی ہیں کہ ان کے پاس نہیں ہیں تو پھر انہوں نے ٹریس کرکے پتہ لگایا؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم آپ کے بیان کو اہمیت دیتے ہیں، مجھے دو چار دن کا وقت دیں۔

جسٹس محسن اختر نے کہا کہ آپ ریاست کی گارینٹی دے رہے ہیں، ایمان مزاری بولیں کہ پہلے سے 6 دن گزر چکے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پولیس نے کسی کا بیان قلمبند کیا ہے؟ ایس ایس پی نے جواب دیا کہ سینئر افسر موجود نہیں تھے ہمیں وزارتِ دفاع کے ذریعے تحریری بیان دیا گیا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے پھر استفسار کیا کہ جو بات انہوں نے بتائی ہے کیا وہ 161 کا بیان ہے؟ پولیس کو پتا ہے انہوں نے کیا کرنا ہے عدالت تفتیش میں مداخلت نہیں کریگی۔

سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش، سیکرٹری دفاع پیش نہ ہوئے تو وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جب بھی سیکرٹری دفاع کو بلایا جاتا ہے وہ پیش نہیں ہوتے، جسٹس محسن اختر بولے کہ یہی چیز تو ختم کرنی ہے، عدالت کے بلانے پر سب پیش ہونگے۔

’اگر وزیراعظم عدالت میں آسکتا ہے تو سب آسکتے ہیں ان سے بڑا تو کوئی نہیں، یقینی بنائیں کہ سیکرٹری داخلہ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں گے‘۔

کارروائی مکمل ہونے کے بعد عدالت نے اٹارنی جنرل کی یقین دہانی پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے، شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے حکومت کو جمعہ تک کی مہلت دے دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp