آگ لگ گئی، پی آئی اے کا طیارہ بڑے نقصان سے بچ گیا

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے ہوائی اڈے پر آگ لگنے کے ایک واقعہ میں قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کا طیارہ بڑے نقصان سے بچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق، کراچی کے ہوائی اڈے پر پی آئی اے پروازوں کو کھانا فراہم کرنے والی کیٹرنگ وین میں آگ لگ گئی۔ تاہم فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر فوری قابو پا لیا جس کے باعث پی آئی اے کا طیارہ بڑے نقصان سے بچ گیا ۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 کراچی سے لاہور روانگی کے لیے بورڈنگ برج پر موجود تھی، پرواز کی روانگی سے قبل کیٹرنگ وین مسافروں کے لیے کھانا طیارے پر شفٹ کرنے پہنچی۔

کھانے کی شفٹنگ کے دوران ہائیڈرولک وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کیٹرنگ وین میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ پی کے 304 نے کراچی سے لاہور کے لئے 3 بجے اڑان بھرنا تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق کیٹرنگ وین میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔

ترجمان نے بتایا کہ کیٹرنگ وین میں لگنے والی آگ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا، واقعہ میں طیارہ اور عملہ دونوں محفوظ رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp