سینیٹر اسحاق ڈار کی بشکیک میں زخمی پاکستانی طلبا سے ملاقات

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ کلوبایف ژین بیک مولدوکانووچ سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں اطراف نے پاکستان اور جمہوریہ کرغزستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے خلاف تشدد کے حالیہ افسوس ناک واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کرغز حکومت کی جانب سے بدامنی کے دوران حالات معمول پر لانے اور پاکستانی طلبا کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اس کے فوری اقدام پر شکریہ ادا کیا۔

نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستانیوں کے خلاف تشدد کی حالیہ کارروائیوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔ کرغز وزیر خارجہ نے امن و امان کی بحالی کے لیے کرغز حکام کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی وضاحت کی اور ہجومی فسادات کے مرتکب افراد کی گرفتاری، مقدمہ چلانے اور سزا دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے کرغز جمہوریہ میں مقیم پاکستانی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بشکیک میں نیشنل اسپتال میں زیر علاج پاکستانی شہریوں کی عیادت کی، اور کرغزحکومت کی جانب سے پاکستانی طلبا کے لیے کیے گئے فوری اقدامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہا کیا۔

ایڈل بیسالوف نے کہا کہ اس بحران نے دونوں برادر ریاستوں کی قربت اور باہمی اعتماد کا امتحان لیا ہے۔ ہمیں اپنے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کرغزستان میں غیر ملکی طلبا کے ساتھ دوستانہ اور خیر خواہ رویہ کا یقین دلایا اور حالیہ واقعے کے تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp