کرغزستان میں پھنسے مزید 170 پاکستانی طلبا وطن واپس وطن پہنچ گئے ہیں، ملتان ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ اور او پی ایف حکام نے طلبا کا استقبال کیا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر کرغزستان سے خصوصی پرواز سے پشاور پہنچنے والے دیگر صوبوں کے طلبا کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے طلبا کی رہائش اور خوراک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ ان طلبا کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا گیا۔ ان طلبہ کے سفری اخراجات صوبائی حکومت نے برداشت کیے۔
مزید پڑھیں
طلبا خصوصی پرواز کے ذریعے رات 2 بجے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ ایم این اے فیصل امین گنڈاپور اور صوبائی وزرا نے کرغزستان سے پشاور ائیر پورٹ پہنچنے والے طلبا کا استقبال کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں سی ایم ہاؤس لے کر گئے جہاں رات گزاری اور اب انہیں آبائی علاقوں کو روانہ کیا گیا۔
سول ایوی ایشن کے مطابق ایئرنوماڈ کی پرواز اے این کے 4587 صبح 3 بجکر 44 منٹ پر کرغزستان سے ملتان پہنچی، جہاز میں 170 طلبا کے ساتھ عملے کے 06 افراد بھی سوار تھے۔
ایئرپورٹ اور او پی ایف حکام نے وطن واپس پہنچنے والے طلبا کا استقبال کیا۔
وطن واپسی پر او پی ایف کی جانب سے طلبا کو ریفریشمنٹ دی گئی، 23 طلبا کو شہر سے باہر اپنے گھروں کو جانے کے لیے ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی گئی۔
واضح رہے کہ کرغزستان میں گزشتہ ہفتے مقامی انتہا پسندوں پر مشتمل مشتعل گروہوں نے پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی طلبا کے ہاسٹل پر حملہ کیا تھا جس میں متعدد طالبعلم زخمی ہو گئے تھے۔
اس واقعے کے بعد پاکستان نے کرغزستان سے طلبا کی وطن واپسی کا آغاز کیا تھا، اب تک متعدد پاکستانی طلبا کرغزستان سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔