کرغزستان میں طلبہ گروپوں کے درمیان لڑائی کے بعد پیداشدہ صورتحال کی وجہ سے پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، آج پی آئی اے کا خصوصی طیارہ 180 سے زیادہ طلبہ کو لے کر کراچی پہنچ گیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وطن واپس پہنچنے والے طلبا و طالبات کا استقبال کیا۔ جبکہ اس موقع پر صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
طلبہ اور ان کے عزیز اقارب نے وطن واپسی کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔
طلبا کے والدین نے گورنر سندھ سے اظہار تشکر کے لیے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
بچوں کے والدین نے کہاکہ ہمارے بچوں کی وطن واپسی کے لیے کامیاب کوششیں کرنے پر گورنر سندھ کے مشکور ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مقامی اور غیرملکی طلبا گروپوں کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں پاکستانی طلبہ بھی متاثر ہوئے تھے، جس کے بعد خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانی طلبا و طالبات کو وطن واپس لایا جارہا ہے۔