پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے ملک کے حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی بنانے پر زور دیتے ہوئے جلسوں کا شیڈول طلب کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں
ذرائع کے مطابق منگل کو اڈیالہ جیل میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان اور لیگل ٹیم سے ہونے والی ملاقات میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں بالخصوص جلسے کے شیڈول مرتب کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
عمران خان کو پارٹی کی جانب سے احتجاجی حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فیصل آباد جلسے کی این او سی جاری نہ کرنے سے متعلق عدالت سے رجوع کیا گیا ہے جبکہ 8 جون کو اسلام آباد میں جلسے کے لیے انتظامیہ کو این او سی کے لیے درخواست دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں جلسے کرنے کا پلان ترتیب دینے اور حتمی شیڈول بھی طلب کیا ہے۔
اس حوالے سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر آئندہ چند روز میں عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران گرینڈ اپوزیشن الائنس سے متعلق بھی پیش رفت پر بریفنگ دیں گے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے پنجاب بھر کے اراکین قومی اسمبلی کو متحرک کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، اس ضمن میں انہوں نے تمام اراکین قومی اور صوبائی اسمبلیوں سمیت دیگر ٹکٹ ہولڈرز حضرات کو کارنر میٹنگ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر قائد جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطہ بڑھانے اور اعتماد کے فقدان کو ختم کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔